شوبز انڈسٹری اور خصوصی طور پر ہولی وڈ میں کسی سے تعلقات استوار کرنا کوئی مشکل بات نہیں، تاہم ان تعلقات کو نبھانا مشکل کام ضرور ہے۔
اس کی تازی مثال ہولی وڈ اداکار نکولس کیج کی جانب سے کم عمر گرل فرینڈ سے شادی کے 4 دن بعد ہی اس سے طلاق لینے کا فیصلہ ہے۔
جی ہاں، 55 سالہ ادکار و فلم ساز نکولس کیج نے خود سے 2 دہائیاں چھوٹی گرل فرینڈ اریکا کوئک سے شادی ختم کرنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔
معروف میگزین ’پیپلز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نکولس کریج نے محض 4 دن قبل ہی اپنی دیرینہ گرل فرینڈ اریکا کوئک سے شادی کی تھی۔
دونوں کے تعلقات گزشتہ ڈیڑھ سال سے تھے اور دونوں کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔
تاہم اب اطلاعات ہیں کہ شادی کے محض 4 دن بعد ہی نکولس کریج نے شادی ختم کرنے کی درخواست دائر کردی۔
رپورٹ کے مطابق نکولس کریج نے شادی ختم کرنے کی درخواست عدالت میں اسی دن جمع کرائی، جس دن انہیں شادی کا سرٹیفکیٹ ملا۔
اطلاعات ہیں کہ نکولس کریج کی درخواست پر فوری کارروائی ممکن نہیں، تاہم انہوں نے کسی بھی کارروائی سے بچنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔
شادی کے محض 4 دن بعد ہی شادی کو ختم کرنے کے معاملے پر نکولس کریج نے فوری طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا اور نہ ہی اریکا کوئک نے کوئی بیان دیا ہے۔
نکولس کریج کے کرسٹینا فلٹن سے تعلقات رہے اور ان سے ایک بیٹا بھی ہوا—فائل فوٹو: دی وائر
اریکا کوئک اداکار سے کم سے کم 20 سال چھوٹی ہیں اور وہ پیشے کے لحاظ سے میک اپ آرٹسٹ ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ نکولس کریج نے شادی کو ختم کرنے کی درخواست اسی دن جمع کرائی ہو جس دن اسے شادی کا سرٹیفکیٹ ملا ہو۔
اس سے قبل بھی اداکار نے اپنی دوسری شادی کے لیے شادی کے محض 3 ماہ بعد ہی طلاق کی درخواست دائر کی تھی اور طلاق لینے کا معاملہ ان کی شادی کے وقت سے زیادہ دیر تک چلا تھا۔
مجموعی طور پر نکولس کریج نے چار شادیاں کیں اور چاروں کا اختتام طلاق پر ہوا۔