سری نگر، 11 جون (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے آونیرہ میں پیر اور منگل کی درمیانی رات کے دوران ہونے والے ایک تصادم میں دو جنگجو مارے گئے۔
کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا: ‘شوپیاں تصادم میں دو جنگجو مارے گئے۔ اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ مارے گئے جنگجوئوں کی شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم کی جارہی ہے’۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق شوپیاں کے آونیرہ جنگلات میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی ایک راشٹریہ رائفلز، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ کو گزشتہ رات محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان تصادم چھڑ گیا جس میں دو جنگجو مارے گئے۔
انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر ضلع شوپیاں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔