بہار اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا الیکشن کمیشن نے اعلان کردیا ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے ایک پریس کانفرنس کرکے تاریخوں کا اعلان کیا ۔ بہار میں تین مراحل میں اسمبلی انتخابات ہوں گے ۔
پہلے مرحلہ میں 16 اضلاع کی 71 اسمبلی حلقوں میں 28 اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ دوسرے مرحلہ میں 17 اضلاع میں 94 سیٹوں پر تین نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ تیسرے مرحلہ میں 15 اضلاع میں 78 اضلاع میں سات نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ جبکہ ووٹوں کی گنتی 10 نومبر کو ہوگی ۔
الیکشن کمشنر سنیل ارورہ نے جانکاری دی کہ 243 سیٹوں والی بہار اسمبلی میں اس مرتبہ 80 سال یا اس سے زیادہ عمر کے لوگ پوسٹل بیلٹ سے ووٹ ڈال سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں 65 سال سے ہی یہ مطالبہ کررہی تھیں ، لیکن زیادہ بوتھوں کی تعداد ہونے کی وجہ سے ایسا نہیں کیا گیا ۔
اس مرتبہ اسمبلی انتخابات میں امیدوار آن لائن نامزدگی اور ڈیپازٹ بھر سکتے ہیں ۔ ساتھ ہی وہ جیت کا ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ بھی حاصل کرسکتے ہیں ۔ اس مرتبہ ووٹنگ صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک ہوں گی ۔ حالانکہ نکسل متاثرہ علاقوں میں یہ لاگو نہیں ہوگا ۔ چیف الیکشنر کمشنر نے مزید بتایا کہ کووڈ مریض ووٹنگ والے دن سب سے آخر میں ووٹ کرسکیں گے ۔
وہیں دوسری طرف الیکشن سے پہلے مہا گٹھ بندھن میں شامل آر ایل ایس پی نے بدھ کو اتحاد سے نکلنے کے اشارے دئے ۔ سابق مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا کی پارٹی راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کے قومی چیف جنرل سکریٹری مادھو آنند نے بتایا کہ ان کی پارٹی اکتوبر ۔ نومبر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے امکانات کی تلاش کرنے کیلئے تیار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جمعہ کو ہم نے ایک میٹنگ بلائی ہے ، جس میں ہمارے قومی اور ریاستی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سبھی ممبران شامل ہوں گے ۔ مہا گٹھ بندھن میں سب کچھ ٹھیک ٹھاک نہیں ہے اور ہمیں کچھ فیصلے لینے کی ضرورت ہے ۔ آر ایل ایس پی لیڈر نے مہا گٹھ بندھن میں کوآرڈینیشن کی کمی اور جیتن رام مانجھی کے حالیہ دنوں میں الگ ہونے کے بعد بھی کوئی سبق سیکھنے میں مہا گٹھ بندھن کی ناکامی پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔