مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ عالمی جنگ کے خدشات کے باعث ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے بعض عہدیداروں نے جوہری حملوں سے محفوظ خصوصی ڈومز ڈے بنکرز خریدنا شروع کر دیے۔
امریکی ریاست ٹیکساس میں قائم ایک کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو رون ہبارڈ نے تصدیق کی ہے کہ ٹرمپ کابینہ کے 2 ارکان نے بم پروف بنکرز خریدے ہیں، یہ بنکرز ڈرون حملوں، بیلسٹک میزائلوں اور حتیٰ کہ ممکنہ جوہری جنگ سے بچاؤ کے لیے تیار کیے جاتے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مشترکہ حملوں اور اس کے بعد ایرانی جوابی کارروائیوں کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی بڑھ چکی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ جنگ طول پکڑتی ہے تو یہ تیسری عالمی جنگ کا سبب بھی بن سکتی ہے۔
نئے سپریم لیڈر کا بیان آتے ہی ایران نے اسرائیل پر حملوں کی تازہ ویڈیو جاری کردی
رون ہبارڈ نے برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ حالیہ کشیدگی کے بعد بنکرز کی خریداری کے لیے کالز میں 10 گنا اضافہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری کمپنی نے ایران کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملوں سے صرف 2 روز قبل دبئی میں اپنا دفتر بھی قائم کیا تھا، بعد ازاں دبئی کے چند ارب پتی افراد نے بھی بنکرز خریدنے کے لیے کمپنی سے رابطہ کیا۔
رون ہبارڈ کے مطابق ان بنکرز کی قیمت 50 لاکھ ڈالرز سے زائد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ غزہ جنگ اور روس یوکرین جنگ کے دوران بھی بنکرز کی طلب میں اضافہ ہوا تھا، تاہم ایران کے ساتھ ممکنہ جنگ نے صورتِ حال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
رون ہبارڈ کا کہنا ہے کہ کمپنی کی ماہانہ فروخت 20 لاکھ ڈالرز سے بڑھ کر اگلے ماہ 5 کروڑ ڈالرز تک پہنچنے کی توقع ہے۔