جسٹس رنجن گوگوئی نے بدھ کو ہندوستان کے 46 ویں چیف جسٹس (سی جے آئی) کے طور پر حلف لے لیا ہے۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے راشٹرپتی بھون کے تاریخی دربار ہال میں کئی معزز شخصیتوں کی موجودگی میں انہیں سی جے آئی کے عہدہ کا حلف دلایا۔
جسٹس گوگوئی کی مدت کار 13مہینہ سے تھوڑی زیادہ ہوگی اور وہ آئندہ برس 17نومبر کو ریٹائر ہوں گے۔
جسٹس رنجن گوگوئی بنے ہندوستان کے 46 ویں سی جے آئی، صدر جمہوریہ نے دلایا حلف
جسٹس رنجن گوگوئی
اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ ، ایچ ڈی دیو گوڑا، لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن، سپریم کورٹ اور دہلی ہائی کورٹ کے کئی جج ، اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال اور کئی وزراء موجود تھے۔ حلف لینے کے بعد جج گوگوئی نے اپنی والدہ شانتی گوگوئی کے پیر چھوکر آشیرواد لیا۔
گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ نے جسٹس گوگوئی کے سی جے آئی بننے کو چیلنج کرنے والی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔ جسٹس دیپک مشرا کی الوداعی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے جسٹس گوگوئی نے کہا تھا کہ ان کا سب سے بڑا کارنامہ ‘سول لبرٹی’ کے معاملے میں ہے اور ان کے کئی اچھے فیصلوں کا ذکر کیا۔
بتا دیں کہ جسٹس گوگوئی آسام کے رہنے والے ہیں اور انہوں نے این سی آر پر سماعت کے لئے تشکیل کردہ خصوصی بینچ کی صدارت بھی کی ہے۔ سپریم کورٹ کے کئی اہم ترین فیصلوں میں وہ شامل رہے ہیں۔