جونپور:11مئی(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع جونپور کے لائن بازار تھانے کی پولیس نے سیور ٹریٹمنٹ پلانٹ کے پروجکٹ منیجر کا اغوا کرنے اور اسے دھمکانے کے الزام میں سابق رکن پارلیمان دھننجے سنگھ کو گرفتار کر کے 14 دنوں کی عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا ہے۔
پولیس ذرائع نے پیر کو یہاں بتایا کہ جونپور نگر میں چل رہے سیور ٹریٹمنٹ پلانٹ کے منیجر ابھینو سنگھل نے اتوار کو لائن حاضر تھانے میں تحریر دی تھی کہ سابق رکن پارلیمان دھننجے سنگھ نے اپنے حامیوں پروین سنگھ اور وکرم سنگھ سے زبردستی مجھے اپنی رہائش گاہ پر بلا کر میرا اغوا کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے سابق رکن پارلیمان کے خلاف دفعہ 364،386،504 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کر کے کئی تھانوں کی پولیس کے ساتھ اتوار کی رات تقریبا دو بجے ان کی رہائش گاہ پر چھاپے ماری کاور اور پروجکٹ منیجر کےاغوار اور دھمکانے کے الزاممیں سابق رکن پارلیمان کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سابق رکن پارلیمان کو گرفتار کرنے کے بعد چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ(سی جے ایم) وکاس سنگھ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ضمانت کی عرضی خارج کرتے ہوئے 14دنوں کی عدالتی حراست میں جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت سے جیل جاتے وقت سابق رکن پارلیمان نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ مجھے جونپور کے رکن اسمبلی و ریاست کے مملکتی وزیر برائے رہائش گاہ گریش چند یادو کے اشارے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے اوپر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور غلط ہیں۔