امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کی وبا کے 5000 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ریاست کے گورنرگریگ ایبٹ نے منگل کے روز ایک ٹیلی ویژن نشریات کے ذریعہ کہا تھا کہ ریاست ٹیکساس میں بہت سے لوگ ہیں جو یہ سمجھتے ہیں کہ کووڈ 19 کا پھیلنا واقعی چیلنج نہیں ہے۔
مسٹر ایبٹ نے کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور حالات تشویشناک ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے گھر میں رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ جب تک ضرورت نہ ہو گھروں سے نہ نکلیں ، آپ گھر میں محفوظ ہیں۔ ٹیکساس ہیلتھ اینڈ ہیومن سروسز کے مطابق منگل تک ریاست میں کووڈ 19 سے 2،220 اموات ہوئی ہیں اور مصدقہ کیسز کی تعداد 120،370 ہوچکی ہے۔
دوسری جانب اسرائیل میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کی وبا کے سب سے زیادہ 430 نئے کیسز ایک ہی دن میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
اسرائیلی وزارت صحت نے کہا ہے کہ منگل کو نئے کیسز کے آ نے سے ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 21،512 ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک میں 5335 ایکٹیو کیسزہیں۔
وزارت کے مطابق کوروناسے مرنے والوں کی تعداد 308 ہوگئی ہے ، جبکہ سنگین مریضوں کی تعداد 44 سے کم ہوکر 40 ہوگئی ہے۔
صحت یابی کے بعد 101 مریضوں کو اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا اور اب تک 15869 افراد اس مرض سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل منگل کے روز خصوصی اعلی سطحی وزارتی کمیٹی نے جوکھم والے مرکزی شہر ایلاڈ اور شمال مشرقی طبریاس کو ’ممنوعہ علاقہ ‘ قرار دیا ہے۔