نئی دہلی ،14 اگست ( یواین آئی ) ملک میں کورونا انفیکشن کے تیزی سے بڑھتے ہوئے قہر کے درمیان گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 64 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے اور 1007 افراد کی موت ہوگئی ، جبکہ راحت کی بات یہ ہے کہ اس دوران 55 ہزار سے زائد لوگ صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے جمعہ کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے 64،553 کیسز سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 24،61،191 ہوگئی ، وہیں اس دوران 1007 افراد کی موت ہونے سے اموات کی تعداد 48،040 ہوگئی ہے۔
راحت کی بات یہ ہے کہ ایک ہی دن میں 55،573 افراد کے صحت یاب ہونے سے اس وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 17،51،556پر پہنچ گئی۔ اس دوران ملک میں ایکٹو کیسز 7973 بڑھے ہیں، جس سے ان کی تعداد 6،61،595 ہوگئی ہے۔
ملک میں اب ایکٹو کیسز 26.88 فیصد ہیں ، صحت یابی کی شرح 71.17 فیصد اور شرح اموات 1.95 فیصد ہے۔
کورونا سے سب سے زائد متاثرمہاراشٹرا میں ایکٹو کیسز کی تعداد 2285 بڑھ کر 1،50،105 ہوگئی اور 413 افراد کی موت ہونے سے اموات کی تعداد 19،063 ہو گئی ۔
اس دوران 9115 افراد صحت یاب ہوئے ہیں ، جس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 3،90،958 ہوگئی ۔ ملک میں سب سے زائد ایکٹو کیسز اسی ریاست میں ہیں۔
آندھرا پردیش میں مریضوں کی تعداد 355 بڑھنے سے ایکٹو کیسز بڑھ کر 90،780 ہوگئے ہیں ۔ ریاست میں اب تک 2378 افراد کی موت ہوئی ہے ،وہیں 9559 افراد کے صحت یاب ہونے سے مجموعی 1،70،984 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔