پیرس ،11 دسمبر(یواین آئی) فرانس میں جان لیوا اور مہلک ترین کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کی دوسری لہر کو کم کرنے کے لئے 15 دسمبر سے لاک ڈاؤن کے ساتھ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم ژاں کاسٹیکس نے صحافیوں سے بات چیت میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا ’’ہم 15 دسمبر سے کرفیو نافذ کردیں گے اور یہ سخت ہوگا‘‘۔ اس بار یہ 21.00 بجے کے بجائے 20.00 بجے سے نافذ العمل ہوگا، تاہم نئے سال پر کرفیو سے راحت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ملک میں کورونا وبا کی دوسری لہر ہے۔ انفیکشن کی سطح تیز رفتار سے چل رہی ہے اور ابھی تک متاثرہ نئے افراد کی تعداد کم نہیں ہورہی ہے۔ حالیہ دنوں میں اس میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عجائب گھر ، تھیٹر اور ثقافتی ادارے کم سے کم تین ہفتوں تک بند رہیں گے۔
خیال رہے ابھی تک فرانس میں کورونا وائرس کے 2،337،966 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 56،940 افراد ہلاک اور 174،658 شفایاب ہوئے ہیں۔