سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والے حملہ آور کی تصویر منظر عام پر آگئی ہے۔ہفتے کو امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ ہوئی جس سے وہ زخمی ہوگئے اور فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص بھی ہلاک ہوا جبکہ حملہ آور کو فوراً ہی مار دیا گیا۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے اسٹیج پر موجود تھے جب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، گولی بظاہر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔
امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والا 20 سال کا مقامی نوجوان تھا جس کی شناخت تھامس میتھیو کروکس کے نام سے ہوئی ہے جو یاست پینسلوینیا کا ہی رہائشی ہے۔ تاہم ابھی حملہ کرنے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے۔
ٹرمپ حملے کے وقت مشتبہ حملہ آور سے تقریباً 120 سے 150 میٹر دور تھے جبکہ سیکرٹ سروس کے مطابق حملہ آور نے ریلی کے باہر سے ایک “بلند مقام” سے متعدد گولیاں چلائیں، حملہ آور ریلی کے مقام سے بالکل باہر عمارت کی چھت پر تھا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کا بتانا ہے کہ ووٹر ریکارڈ کے مطابق حملہ آور تھامس میتھیو کروکس رجسٹرڈ ری پبلکن تھا اور وہ 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں پہلی مرتبہ اپنا ووٹ کاسٹ کرتا۔
حکام کے مطابق تھامس میتھیو کروکس حملے کے مقام پر اپنے ساتھ کوئی شناختی دستاویز نہیں لایاتھا۔