کٹک: اڈیشہ کے کٹک میں ایس سی بی میڈیکل کالج اور اسپتال کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے اندر واقع ٹراما کیئر آئی سی یو میں رات دیر گئے آگ لگ گئی۔ اس واقعے میں دس مریضوں کی موت ہو گئی ہے۔
یہ سانحہ سوموار کی صبح تقریباً 2:30 بجے اسپتال کی پہلی منزل پر پیش آیا، جب اچانک آگ کے شعلے بھڑک اٹھے، جس سے پورے اسپتال کے احاطے میں افراتفری مچ گئی۔
اطلاع ملتے ہی ہسپتال کا فائر یونٹ جائے وقوع پر پہنچی اور فوری طور پر آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ بعد ازاں آگ بجھانے میں مدد کے لیے تین فائر ٹینڈرز بھی تعینات کیے گئے۔
احتیاطی تدابیر کے طور پر آئی سی یو میں داخل مریضوں کو فوری طور پر باہر نکال لیا گیا۔ 10 سے زیادہ شدید طور پر بیمار مریضوں کو نیو میڈیسن آئی سی یو میں منتقل کیا گیا تاکہ ان کی حفاظت اور مسلسل طبی دیکھ بھال کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی جائے وقوع پہنچے
سینئر حکام بشمول ہیلتھ سکریٹری، کٹک کے ڈسٹرکٹ کلکٹر، اور ڈی سی پی صورت حال کا جائزہ لینے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کے لیے جائے وقوع پر پہنچے۔ ایمرجنسی رسپانس کی کوششوں اور صورت حال کو سنبھالنے میں مدد کے لیے ہسپتال سے متصل مرکزی سڑک کو بند کر دیا گیا۔
اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے بھی اسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے جائے حادثہ پر صورت حال کا جائزہ لیا اور زخمیوں سے ملاقات کی۔ سی ایم ماجھی نے تصدیق کی کہ اس واقعے میں 10 افراد کی موت ہو گئی ہے۔
لواحقین کے لیے 25-25 لاکھ روپے معاوضہ کا اعلان
وزیر اعلیٰ نے اس سانحے میں جان گنوانے والوں کے لواحقین کے لیے 25 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔ زخمیوں سے ملاقات کرنے اور عہدیداروں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ماجھی نے کہا کہ “آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔ بدقسمتی سے اس واقعے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اعلیٰ سطح کی انکوائری شروع کی جائے گی، اور نتائج کی بنیاد پر ضروری کارروائی کی جائے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “مریضوں کو بحفاظت باہر نکالتے ہوئے ہسپتال کے عملے کے 11 ارکان جھلس کر زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں کے اہل خانہ کو 25 لاکھ روپے کا ایکس گریشیا فراہم کیا جائے گا۔”