میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کو جمعرات کی صبح بے ہوشی کی حالت میں گوا کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔ان کا انتقال بظاہر دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔
میڈیا کا کہنا ہے کہ نانا پاٹیکر گوا میں واقع اپنے فلیٹ میں شدید سینے میں درد کی شکایت کے بعد بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے۔
میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق اداکار کی جانب سے شدید سینے میں درد کی شکایت کے بعد طبی ٹیم کو ان کے فلیٹ پر بھیجا گیا تھا۔ ٹیم کے پہنچنے پر اداکار بے ہوش تھے، بعد ازاں انہیں فوراً اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے صبح 5 بج کر 20 منٹ پر ان کی موت کی تصدیق کردی۔
نانا پاٹیکر کی موت کی اصل وجہ کا تعین کرنے کے لیے آج پوسٹ مارٹم کیے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کا اصل نام وشواناتھ پاٹیکر تھا اور وہ ہندی و مراٹھی سنیما کے انتہائی باوقار اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔
انہوں نے 1978 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور ’پرندہ‘، ’کرانتی ویر‘، ’اگنی ساکشی‘، ’خاموشی: دی میوزیکل‘، ’اب تک چھپن‘ اور ’ویلکم‘ سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
نانا پاٹیکر کو 3 نیشنل فلم ایوارڈز سے نوازا گیا جبکہ انہیں 2013 میں پدم شری کا اعزاز بھی دیا گیا۔