دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک امریکی وسط مدتی انتخابات (مڈٹرم) کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کے سب سے بڑے مالی معاون بن گئے ہیں۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2025 سے شروع ہونے والی اس انتخابی دوڑ میں ایلون مسک کی ریپبلکن پارٹی کے لیے مالی معاونت تقریباً 36 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جب کہ مسک رواں سال جولائی سے اب تک 27 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زائد رقم ریپبلکن پارٹی کے الیکشن فنڈ میں عطیہ کرچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی جانب سے دی گئی اس رقم کا بنیادی مقصدکانگریس میں ریپبلکن پارٹی کی اکثریت کو برقرار رکھنا ہے۔
اخبار کے مطابق ایلون مسک کی جانب سے دیے گئے ان بھاری عطیات سے ریپبلکن پارٹی کو پہلے سے حاصل مالی برتری مزید بڑھ گئی ہے۔
رواں سال اگست کے اختتام تک ریپبلکن پارٹی کی کمیٹیوں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سیاسی گروپ ’میگا انک‘ نے مجموعی طور پر 1.1 ارب ڈالر سے زیادہ رقم جمع کی تھی، جب کہ ڈیموکریٹس کے جمع کردہ عطیات تقریباً 60 کروڑ ڈالر تھے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق مسک کی جانب سے دی جانے والی خطیر رقوم کی خبریں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب عوامی جائزوں میں صدر ٹرمپ کی مقبولیت ریکارڈ حد تک کم ہونے کے باعث ریپبلکن امیدواروں کی انتخابی مہمات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔