ویلنگٹن۔نیوزی لینڈ کے بلے باز کین ولیمسن کلائی کی چوٹ کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے باقی دو میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ ولیمسن ماؤنٹ ماگان میں کھیلے گئے پہلے میچ میں بھی نہیں کھیل سکے تھے۔وہ دوسرا اور تیسرا میچ بھی نہیں کھیل پائیں گے۔چیف کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ ولیمسن کی بائیں کلائی میں چوٹ ہے جو انہیں ہندوستان میں چمپئن لیگ کے دوران لگی تھی۔ وہیں دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ نازبیٹسمین برینڈن میکولم نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے ہاتھوں تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے ابتدائی میچ میں شکست کے باوجود ٹی
م کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم کو دوسرے میچ میں شکست دیکر سیریز میں جاندار کم بیک کرینگے۔ انہوںنے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے پروٹیز کے ہاتھوں ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم کے کھلاڑی مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم دوسرے میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے خلاف شاندار کم بیک کریگی اور سیریز 1-1 سے برابر کر دے گی۔ برینڈن میکولم نے کہا کہ وہ پروٹیز کے خلاف دوسرے میچ میں مربوط حکمت کے تحت جیت کیلئے میدان میں اتاریں گے۔