لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اٹونجہ میں تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل سوار دو بھائیوں کو ٹکر مار دی جس میں دونوں کی موت ہو گئی۔ وہیں دوسری جانب موہن لال گنج علاقہ میں نامعلوم گاڑی کی زد میں آنے سے مزور کی درد ناک موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ گومتی نگر سی ایم ایس کے نزدیک اسکوٹی سوار نوجوان ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گیا جس کی اسپتال میں دوران علاج موت ہو گئی۔
مڑیاؤں کے سرورا میں رہنے والے رام نرائن کے دو بیٹے ۳۵ سالہ ونود کمار اور ۳۰ سالہ وشنو کمار جمعرات کو اپنی پلیٹنا موٹر سائیکل نمبر یو پی ۳۲ ای آر ۲۲۰۲ سے سدھولی گئے تھے۔ دیر رات واپسی کے وقت اٹونجہ کے الہادات پور گاؤں کے سامنے ہائی وے پر پیچھے سے آرہی نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی جس سے وشنو کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ونود کو ٹراما سینٹر لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
اس کے علاوہ رائے بریلی کا رہنے والے چالیس سالہ راج کمار موہن لال گنج میں کاکے سردار کے فارم ہاؤس پر مزدوری کرتا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ جمعرات کی دیر شب وہ گھر جانے کیلئے فارم ہاؤس سے نکلا تھا اور گوپال کھیڑا موڑ پر سواری کا انتظار کر رہا تھا تبھی وہ کسی گاڑی کی زد میں آگیا جس سے اس کی درد ناک موت ہو گئی۔ راہ گیروں کی اطلاع پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ وہیں گومتی نگر کے وپل کھنڈ میں کرایہ پر رہنے والا مرزا پور کا چوبیس سالہ پشپیندر سنگھ نجی کمپنی میں کام کرتا تھا وہ جمعرات کی شب اسکوٹی سے جا رہا تھا کہ ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکر ہو گئی، اسے زخمی حالت میں رام منوہر لوہیا اسپتال میں داخل کرایا گیاجہاں سے اسے ٹراما سینٹر بھیج دیا گیا دوران علاج پشپیندر سنگھ کی موت ہو گئی۔