یورپی یونین کی بوسنیا میں تعینات امن فوج یعنی ’ای یو ایف او آر‘ کے ساتھ کام کرنے والے اٹلی کے فوجی ہیلی کاپٹر ’چنوک سی ایچ-47‘ کے حادثے کا شکار ہونے کی خبر ہے۔
اس دردناک حادثہ میں 4 لوگوں کی موت ہو گئی، جبکہ 11 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ 29 اکتوبر کو ایک معمول کے تربیتی سیشن کے دوران پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر میں مجموعی طور پر 15 افراد سوار بتائے جا رہے ہیں، جن میں سے 3 کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
یہ حادثہ بوسنیا کے شمالی حصے میں واقع برچکو علاقے میں پیش آیا۔ یہ مقام ملک کی راجدھانی سراجیوو سے تقریباً 180 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔ مقامی اسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ان کا علاج شروع کر دیا گیا۔
برچکو اسپتال کے ترجمان صالح ابراہیم بیگووچ نے بتایا کہ حادثہ میں 3 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی، جبکہ ایک دیگر شخص نے اسپتال پہنچنے کے بعد دم توڑ دیا۔ اٹلی کی وزارت دفاع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 2 فوجی اور ریڈ کراس کے 2 رضاکار شامل تھے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار کیوں ہوا۔ یورپی یونین کی امن فوج نے حادثے کی مکمل اور گہرائی سے جانچ شروع کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ معلومات کی تصدیق کے بعد ہی مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ ای یو ایف او آر نے یہ بھی واضح کیا کہ اس حادثہ میں کسی شہری کو چوٹ نہیں آئی۔
اس کے علاوہ شہریوں کی عمارتوں، املاک اور گاڑیوں کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اٹلی کے وزیر دفاع گائیڈو کروسیٹو نے حادثہ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے بھی ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور امن مشن سے وابستہ لوگوں کے تئیں اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔