ٹیلی ویژن اداکار اویناش مشرا اور ایشا سنگھ کے درمیان علیحدگی کی افواہیں اس وقت گردش کرنے لگیں جب انہوں نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو ‘ان فالو’ کر دیا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد، آن لائن یہ قیاس آرائیاں سامنے آئیں کہ اویناش نے ایشا کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے۔
اس دعوے کے سامنے آنے کے بعد اداکار نے اپنی نجی زندگی کے احترام (پرائیویسی) کی درخواست کی۔ اس تنازعے میں ایشا کے بھائی بھی شامل ہو گئے، جنہوں نے اویناش کو خبردار تک کر دیا۔
اب اویناش نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ دونوں کے راستے الگ ہو چکے ہیں، اور انہوں نے اس علیحدگی کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ انہوں نے مکمل طور پر خود کو قصوروار ٹھہرایا ہے اور کیمرے کے سامنے آ کر معافی بھی مانگی ہے۔
اویناش مشرا نے علیٰحدگی کی تصدیق کر دی
گزشتہ پیر کی رات اویناش نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر ایک ویڈیو شیئر کی۔ ایشا کے ساتھ اپنی علیحدگی کے حوالے سے جاری چہ مگوئیوں پر بات کرتے ہوئے اوناش نے کہا، “ایک ڈی جے پرفارمنس کے دوران میں نے ایک گانا چلایا جس کا غلط مطلب نکال لیا گیا۔
میں جانتا ہوں کہ اس سے ایشا اور ان کے اہل خانہ کو سب سے زیادہ تکلیف پہنچی ہے۔ سچ کہوں تو، میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا، لیکن جو کچھ ہوا اس پر مجھے افسوس ہے۔
جہاں تک ہماری علیحدگی کا تعلق ہے تو اگر اس کا ذمہ دار کسی کو ٹھہرایا جا سکتا ہے، تو وہ میں ہوں۔ یہ بھی میری ہی غلطی ہے۔ میں یہاں صرف معافی مانگنے کے لیے آیا ہوں۔
انہوں نے اپنے مداحوں سے مزید درخواست کی کہ وہ اس معاملے میں ان کے دوستوں یا خاندان کو شامل نہ کریں، اور کہا ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ میری آپ سب سے گزارش ہے کہ براہِ کرم اس معاملے کو یہیں ختم کر دیں اور اسے مزید نہ بڑھائیں۔
یہ دو افراد کے درمیان کا معاملہ ہے براہِ کرم ہمارے خاندانوں یا دوستوں کو دھمکیاں نہ دیں۔ ظاہر ہے کہ مجھے خود پر کام کرنے کی ضرورت ہے، میں ذہنی سکون اور بہتری چاہتا ہوں، کیونکہ یہ بہت ضروری ہے۔ جب میں بہتر ہو جاؤں گا، تب ہی واپس آؤں گا۔
حال ہی میں، اویناش نے بطور ڈی جے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ اپنی پہلی پرفارمنس کے دوران، انہوں نے ‘بے وفا’ نامی گانا چلایا اور اس کا تعارف کرواتے ہوئے کہا، “جب کسی کی ذاتی زندگی میں حالات مشکل ہو جاتے ہیں، تو یہ گانا یاد آتا ہے۔”
بہت سے لوگوں نے اس گانے کا تعلق ان کے بریک اپ (علیحدگی) سے جوڑ دیا۔ اس کے بعد، ایشا کے بھائی اور رجت دلال نے اویناش کو بے نقاب کرنے کی دھمکی دی اور دعویٰ کیا کہ ان کے پاس اس حوالے سے ثبوت موجود ہیں۔
اوناش اور ایشا کی پہلی ملاقات ‘بگ باس 18’ میں ہوئی۔ وہ گہرے دوست بن گئے، اور ان کی بڑھتی ہوئی قربت کو دیکھ کر ناظرین انہیں ایک رومانوی جوڑے کے طور پر پسند کرنے لگے۔
شو کے بعد، وہ ایک ساتھ کئی میوزک ویڈیوز میں نظر آئے۔ اسکرین پر اور اسکرین کے باہر ان کی کیمسٹری نے ان کے درمیان تعلقات کی افواہوں کو ہوا دی، حالانکہ دونوں کا یہی کہنا تھا کہ وہ محض بہترین دوست ہیں۔ حال ہی میں، ‘پتی پتنی اور پنگا’ کے دوسرے سیزن کے دوران، ایشا اور اویناش نے باضابطہ طور پر اپنے تعلقات کی تصدیق کر دی۔
اس سے قبل، ‘خطروں کے کھلاڑی 18’ کی کامیابی کی تقریب کی ایک ویڈیو آن لائن سامنے آئی تھی، جس میں اویناش کو ایشا کے لیے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔