نئی دہلی : عالمی سطح پر اکتوبر میں ہوائی سفر کی مانگ میں 6.6 فیصد اضافہ درج کیا گیا، جس میں بین الاقوامی مانگ 8.5 فیصد اور گھریلو سفر کی مانگ 3.4 فیصد بڑھی ہے۔ ہوائی سفر کی مانگ کو ریونیو پیسنجر کلومیٹر (آر پی کے) کے طور پر ناپا جاتا ہے۔
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کے جمعہ کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2025 میں مجموعی مانگ اکتوبر 2024 کے مقابلے 6.6 فیصد بڑھی ہے۔ وہیں کل صلاحیت (دستیاب نشست کلومیٹر) 5.8 فیصد بڑھی اور لوڈ فیکٹر 84.6 فیصد تک پہنچ گیا، جو ایک برس پہلے کے مقابلے 0.7 فیصد زیادہ ہے۔ ایئر لائن کمپنیوں نے بین الاقوامی سفر کے لیے صلاحیت میں 7.1 فیصد اور گھریلو سفر کے لیے 3.6 فیصد اضافہ کیا ہے۔
آئی اے ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل ویلی والش نے کہا کہ اکتوبر کا مہینہ مضبوط کارکردگی والا رہا۔ کئی ماہ کی سست کارکردگی کے بعد شمالی امریکہ میں بین الاقوامی ٹریفک میں 4.5 فیصد اضافہ قابل ذکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال کے آخری دو مہینوں کے لیے رجحان حوصلہ افزا ہیں۔
شیڈول کے مطابق نومبر میں نشستوں کی صلاحیت 3.6 فیصد اور دسمبر میں 4.7 فیصد بڑھے گی۔
جاری اعداد و شمار کے مطابق تیسری سہ ماہی میں مغربی ایشیا میں ہوائی سفر کی مانگ سب سے زیادہ 10.5 فیصد بڑھی۔ افریقہ میں یہ 8.8 فیصد، ایشیا پیسیفک میں 8.1 فیصد، یورپ میں 6.7 فیصد، لاطینی امریکہ و کیریبین میں 6.1 فیصد اور شمالی امریکہ میں 2.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
آئی اے ٹی اے نے اکتوبر کے لیے ایئر کارگو ٹرانسپورٹ کے اعداد و شمار بھی جاری کیے ہیں۔ مال برداری کی مانگ جسے کارگو ٹن کلومیٹر (سی ٹی کے) کے طور پر ناپا جاتا ہے، اکتوبر میں 4.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یہ مسلسل آٹھواں مہینہ ہے، جب اس میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔