کولمبو۔ سری لنکا نے ہندوستان سے ’وفاداری‘ کا صلہ ملنے کی امیدیں باندھ لیں، ویسٹ انڈین ٹیم کے دورے کو ادھورا چھوڑ کر فوری طور پر پانچ ون ڈے میچز کی سیریز پر رضامند ہوجانے والے سری لنکا کو آ ئندہ برس ہندوستان سے 3 ٹیسٹ ملنے کی امید ہے۔یہ سیریزممکنہ طور پر اگست میں سری لنکن میدانوں پرکھیلی جائے گی، سری لنکا کرکٹ کے سیکریٹری نشانتھا رانا ٹنگانے میڈیا سے گفتگومیں کہاکہ ہم نے ہندوستان کو آ ئندہ ماہ پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے کی یقین دہانی کرادی ہے، یہ مقابلے یکم سے14نومبرکو منعقد ہوں گے،اب ہم جواب میں ہندوستان سے آ ئندہ برس اگست میں3 ٹیسٹ میچز کی میزبانی پانے کی توقع رکھتے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ اس ممکنہ سیریز کی بات چیت ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، لہذا ابھی اس کی تصدیق کرنا قبل از وقت ہوگا لیکن ہم ہندوستان کی میزبانی کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، ابتدائی طورپر فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق سری لنکا نے اگست 2015 میںہندوستان کا دورہ کرنا تھا، جس میں 3 ٹیسٹ میچز شامل تھے، لیکن اب سری لنکا ہندوستان جانے کی بجائے یہ میچز اپنے گرائونڈز پر ہی کھیلنا چاہتاہے۔سری لنکن بورڈ کو ان میچز کی میزبانی سے 8 ملین امریکی ڈالر آ مدنی کی توقع ہے، تاہم سری لنکن خواہش پر ابھی ہندوستانی بورڈ نے کوئی ردعمل نہیں دیا ہے، اس بارے میں بی سی سی آ ئی کا جواب منگل کو ورکنگ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے بعد متوقع ہے، جس میں ویسٹ انڈین ٹیم کے ٹور ادھورا چھوڑ کر جانے کے معاملے پر غوروخوض کیا جائیگا، اجلاس میں ہی سری لنکا سے متوقع سیریز کی تاریخوں اور وینیوز کا فیصلہ بھی ہوگا۔