جوہانسبرگ۔جنوبی افریقہ میں پولیس حکام کے مطابق ملک کے قومی فٹبال ٹیم کے کپتان اور گول کیپر سینزو میوا کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جوہانسبرگ کے جنوب میں واقع واسلورز میں سینزو کے گرل فرینڈ کے گھر میں پیش آیا۔ستائیس
سالہ سینزو اورلانڈو پائریٹس کلب کے لیے بھی کھیلتے تھے اور انھوں نے گذشتہ چار افریقہ کپ میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی تھی۔ سنیچر کو وہ اپنے کلب کے لیے کھیل رہے تھے جو جنوبی افریقہ کی لیگ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ جنوبی افریقہ کی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے دو افراد گھر کے اندر داخل ہوئے جبکہ ایک باہر کھڑا رہا۔گولیاں چلنے کے بعد تینو افراد بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔ مقامی میڈیا نے اسے ڈاکہ ڈالنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ اس واقعے کے مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کے لیے معلومات فراہم کرنے پر 14000 ڈالر کا انعام رکھا گیا ہے۔ سیزو میوا کو جب ہستپال لایا گیا تو ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دیا۔ انھوں نے سنہ 2005 جوہانسبرگ کے ضلعے پارک ٹاؤن میں اورلانڈو پائریٹس کے لیے کھیلنا شروع کیا تھا۔
اورلانڈو پایریٹس کے چیئرمین اروِن خوزہ نے کہا کہ ’آپ جس پہلے سے بھی دیکھیں، سیزو کے خاندان، پائریٹس یا قوم کے حوالے سے، یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے۔‘ گذشتہ سال پائرٹس کے اے ایف چمپئن لیگ میں دوسرے نمبر پر رہے تھے۔