لکھنؤ(نامہ نگار)بازار کھالہ علاقہ میں موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے سر راہ خاتون سے چین لوٹنے کی کوشش کی لیکن بدمعاش اپنے ارادے میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔ بدمعاشوں کے خوف سے سہمی خاتون نے شور مچایا تو پکڑے جانے کے ڈر سے وہ فرار ہو گئے ۔ متاثرہ نے گھر پہنچ کر اس بات کی اطلاع اپنے اہل خانہ کو دی ۔ دیر شب تک پولیس کو کوئی تحریر نہیں دی گئی ۔ موتی جھیل کے رہنے والے طیب کی اہلیہ نسرین اپنے گھر سے باہر نکل کر دوا لینے جارہی تھی ۔ نسرین جب گھر سے نکلی تھی تو رات نوبجے کا وقت تھا ۔ نسرین نے بتایا کہ پیچھے سے تیز رفتار موٹر سائیکل سوار آئے اور ان کے گلے پر جھپٹہ مارا ۔ نسرین کی قسمت اچھی ہونے کے سبب ان کی چین بدمعاش نہیں لے جاسکے ۔ ڈری سہمی نسرین نے شور مچانا شروع کیا تو بدمعاش فراٹا بھرتے ہوئے فرار ہو گئے ۔