رائے پور: چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور کے رحمانیہ چوک علاقے میں علی الصبح تقریباً تین بجے لگنے والی بھیانک آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جاسکا ہے ۔ ابھی تک اس واقعہ میں چار افراد جل کر ہلاک ہوگئے ہیں۔موصولہ اطلاع کے مطابق رحمانیہ چوک علاقے میں علی الصبح کچھ دکانوں سے دھواں نکلتے دیکھ کر کسی نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں طلب کی گئیں لیکن تب تک آگ نے بھیانک شکل اختیار کرلی ۔
اس کے بعد مزید فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کی گئیں۔ تاہم سات گھنٹوں بعد بھی اب تک آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے ۔ ہوا کے سبب آگ تیزی سے پھیل رہی ہے ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ میں جھلس کر اب تک چار لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔ کئی لوگوں کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے ۔جائے حادثہ پر انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران بھی موجود ہیں۔ پورے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور آگ بجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔