کیف : یوکرین کے کیف علاقے میں ایک رہائشی عمارت پر حملے میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ روس کے کئی علاقوں میں رات بھر ڈرون حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ان میں تیل سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے واقعات بھی شامل ہیں۔ یوکرین اور روس کے حکام نے یہ اطلاع دی ہیں۔
یوکرین کی ریاستی ایمرجنسی سروس نے بتایا کہ رات بھر جاری تلاشی اور بچاؤ کی کارروائی کے دوران امدادی کارکنوں نے منہدم عمارت کے ملبے سے 11 افراد کی لاشیں برآمد کیں۔ ایجنسی نے کہاکہ ”امدادی کارکنوں نے پوری رات تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔ اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فضائی حملے کے انتباہ کے دوران کارروائی عارضی طور پر روکنی پڑی۔”
روس کے علاقے روستوف کے گورنر یوری سلیوسر نے کہا کہ کامینسک شاختنسکی شہر اور علاقے کے آٹھ اضلاع کے اوپر 80 سے زیادہ ڈرونز کو روک دیا گیا یا ناکارہ بنا دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرونز کا ملبہ گرنے سے کراسنوسولنسکی ضلع میں آگ لگ گئی اور ہنگامی خدمات کے اہلکار موقع پر کارروائی کر رہے ہیں۔ تاہم، انہوں نے اس سلسلے میں مزید کوئی تفصیل نہیں دی۔
نوووشاختنسک کے باشندوں نے رات بھر دھماکوں اور شدید آگ لگنے کی اطلاع دی۔ ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق، جنوبی روس کی ایک بڑی تیل صاف کرنے کی فیکٹری، نوووشاختنسک آئل پروڈکٹس پلانٹ کو نشانہ بنا کر حملہ کیا گیا۔ علاقائی سربراہ رستم منیخانوف کے پریس دفتر نے بتایا کہ صبح تاتارستان کے جنوب مشرقی حصے میں بھی ڈرون حملے ہوئے۔
علاقائی حکام کے مطابق، المیتیوسک کے قریب تیل ذخیرہ کرنے کی کئی تنصیبات کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
دریں اثنا، روس کی وزارت دفاع نے کہا کہ اس کی فوجوں نے رات بھر ڈرونز کے ذریعے توانائی، رسد اور بندرگاہوں سے متعلق بنیادی ڈھانچے کے علاوہ یوکرین کی مسلح افواج کے مفاد میں استعمال ہونے والے جہازوں کو نشانہ بنا کر حملے کیے۔
وزارت کے مطابق، نشانہ بنائی گئی تنصیبات میں دنیپرو میں واقع 330 کلو وولٹ کا سب اسٹیشن بھی شامل تھا، جو یوکرین کے فوجی صنعتی اداروں کو بجلی فراہم کرتا تھا۔
اس کے علاوہ اوڈیسا علاقے کے ازمائیل میں بندرگاہ کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، جنہیں مبینہ طور پر فوجی سازوسامان کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ وزارت نے اوڈیسا کے جنوب مغرب میں ایک خشک مال بردار جہاز پر حملے کی اطلاع بھی دی، جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ وہ فوجی سازوسامان لے جا رہا تھا۔
وزارت نے یہ بھی بتایا کہ دنیپروپیٹروفسک علاقے میں نیپروڈزرزنسک ریلوے اسٹیشن کے قریب دو ریلوے انجنوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے مطابق، ان کا استعمال یوکرینی فوج کے لیے ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی نقل و حمل میں کیا جا رہا تھا۔ جاری جنگ کے باعث ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق کرنا مشکل ہے۔