نئی دہلی : اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے قبل سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور کانگریس کے درمیان نشستوں کی تقسیم کے تعلق سے پہلی میٹنگ پیر کو کانگریس کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں دونوں جماعتوں کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔
تقریباً آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں فی الحال نشستوں کی تقسیم اورسیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق آج کی میٹنگ میں نشستوں کی تقسیم کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ تاہم، ایس پی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئندہ دو سے تین دن کے اندر نشستوں کے معاملے پر فیصلہ کر لیا جائے گا۔ دونوں جماعتوں کے درمیان اگلی میٹنگ منگل کو متوقع ہے۔
میٹنگ کے بعد ایس پی کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ رام گوپال یادو نے کہا کہ بات چیت انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کا موقف سنا ہے اور جلد ہی اتحاد کو حتمی شکل دے کر اس کی اطلاع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو سے تین دن میں پورا عمل مکمل کر لیا جائے گا اور اگلی میٹنگ منگل کو ہوگی۔ وہیں، کانگریس کے اتر پردیش انچارج راجندر پال گوتم نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے ہے اور ایک دوسرے پر اعتماد برقرار ہے۔ دونوں پارٹیاں مل کر آئندہ کی حکمت عملی طے کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد تقریباً طے ہو چکا ہے اور باہمی احترام کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ نشستوں کی تفصیلات پر باہمی اتفاق رائے قائم ہونے کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ میٹنگ میں ایس پی کی جانب سے مسٹر رام گوپال یادو، اقرا چودھری، راجیو رائے اور شیام لال پال شامل ہوئے۔ وہیں، کانگریس کی جانب سے ریاستی انچارج راجندر پال گوتم، ریاستی صدر آرادھنا مشرا (مونا)، رکن پارلیمنٹ عمران مسعود اور وریندر چودھری موجود رہے۔
اتر پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر دونوں جماعتوں کے درمیان نشستوں کی تقسیم کے حوالے سے یہ پہلی باضابطہ میٹنگ اہم سمجھی جا رہی ہے۔ اب سبھی کی نظریں کل ہونے والی اگلی میٹنگ اور آئندہ دو سے تین دن میں سامنے آنے والے نشستوں کی تقسیم کے فارمولے پر مرکوز ہیں۔