ویلنگٹن : ہندستان کے کپتان شبھمن گل نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد کہا کہ ہمیں معلوم تھا کہ اس پچ پر 10 وکٹیں لینا مشکل ہو گا۔
گل نے میچ کے بعد کہا، “فیلڈنگ میں ہمارا دن ٹھیک ٹھاک رہا۔ مجھے لگتا ہے کہ غیر ملکی سرزمین پر کھیلتے ہوئے ہماری کارکردگی کافی متاثر کن رہی اور ہم نے انہیں ہر شعبے میں چیلنج دیا۔
پہلی اننگ میں گیند کے ساتھ ہم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پھر بلے کے ساتھ صرف دو سنچریاں بنیں، لیکن ہم نے 700 سے زیادہ رنز بنائے۔ امید ہے کرائسٹ چرچ کی پچ پر گیند بازوں کو تھوڑی اور مدد ملے گی۔ اگر وکٹ میں تھوڑی اور مدد ہوتی تو شاید ہم کھیلنا جاری رکھتے، لیکن آگے کم وقت (شارٹ ٹرن اراؤنڈ) بھی ہے۔ نہیں لگتا کہ 5-10 اوورز مزید کھیلنے سے کوئی خاص فائدہ ہوتا۔”
نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا، “جس طرح کچھ کھلاڑیوں نے ذمہ داری سنبھالی، اس سے میں بہت متاثر ہوں۔ خاص طور پر اس وقت جب ہم مشکل حالات میں تھے۔
اس سے ٹیم کا اصل جذبہ نظر آیا، کیونکہ مختلف کھلاڑیوں نے آگے بڑھ کر کارکردگی دکھائی، خاص طور پر پہلی اننگ میں۔ توقع نہیں تھی کہ پچ اتنی سپاٹ ہو گی، یہ بیسن کی روایتی وکٹ نہیں تھی۔ کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ چاہے ہم جتنی بھی دیر فیلڈنگ کرتے رہے، وہ باؤنڈری لائن کے پاس پوری پھرتی سے دوڑتے رہے۔”