اسرائیلی آبادکاروں کے بڑھتے مظالم، سیکڑوں سابق فوجی حکام کا ٹرمپ کو خط
گروپ کی جانب سے اسرائیل کے سابق ڈپٹی چیف آف اسٹاف ماتن ولنائی نے دستخط کیے ہیں
سیکڑوں سابق اسرائیلی سیکیورٹی اہلکاروں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کی دہشت گردی کو روکنے کے لیے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو پر دباؤ ڈالیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق اسرائیلی حکام نے متنبہ کیا ہے کہ آبادکاروں کی طرف سے بڑھتے ہوئے تشدد سے اسرائیل کی سلامتی اور خطے میں امریکی مفادات دونوں کو خطرہ ہے۔
یہ اپیل اسرائیلی فوج، شن بیٹ ڈومیسٹک سیکیورٹی ایجنسی، موساد انٹیلی جنس سروس، پولیس اور ڈپلومیٹک کور کے تقریباً 600 ریٹائرڈ اہلکاروں کے ایک گروپ کی طرف سے ایک خط میں سامنے آئی ہے۔
خط پر گروپ کی جانب سے اسرائیل کے سابق ڈپٹی چیف آف اسٹاف ماتن ولنائی نے دستخط کیے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اگر مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے تشدد کو فوری اور فیصلہ کن طریقے سے روکا نہیں گیا تو یہ ایک علاقائی بحران کو بھڑکا سکتا ہے جس کے سنگین نتائج اسرائیل کی سلامتی اور خطے میں امریکی مفادات کے لیے ہوں گے۔
خط میں ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ آپ میں اس آفت کو روکنے کی صلاحیت ہے۔ اس لیے ہم امید کرتے ہیں کہ آپ ہمارے وزیر اعظم کے ساتھ اپنی ملاقات میں اس مسئلے پر ایک مضبوط اور واضح پیغام دیں گے۔