بالی وڈ کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشٹ 24 سال بعد ایک بار پھر ٹیلی ویژن پر بطور میزبان نظر آئیں گی۔
میڈیا کے مطابق مادھوری ڈکشت بہت جلد آنے والے کوئز شو ‘کون ہونار کروڑپتی’ کی میزبانی کریں گی۔
یہ شو امیتابھ بچن کی میزبانی میں چلنے والے مقبول کوئز شو ‘کون بنے گا کروڑپتی’ کا مراٹھی ورژن ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شو کی انتظامیہ کی جانب سے منگل کے روز اس کا پہلا پرومو جاری کیا گیا ہے جس میں اداکارہ روایتی مہاراشٹری انداز میں نظر آئیں۔
پرومو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مادھوری نے سبز اور سنہری ساڑھی پہنی ہوئی ہے جس کے ساتھ انہوں نے روایتی سونے کے زیورات اور مہاراشٹری انداز کی نتھ بھی پہنی ہے۔
بالی وڈ اداکارہ نے مراٹھی زبان میں شو کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ جو پہلے کبھی نہیں ہوا، وہ اب ہونے والا ہے، پورے مہاراشٹرا کے گھروں میں گفتگو کا نیا سلسلہ شروع ہوگا کیونکہ اب، کھیل بدلنے والا ہے ، میں آپ کے لیے ’کون ہونار کروڑپتی‘ لے کر آ رہی ہوں اور یہ جلد آ رہا ہے۔