بیجنگ: چین کے ساحلی شہر شینژین میں واقع مشہور ڈیمیشا بیچ پر سیاحوں کے غیر معمولی ہجوم کے پیشِ نظر مقامی انتظامیہ نے ساحل پر آنے والے افراد کی تعداد کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ ساحل اپنی مقبولیت کے باعث دنیا کے مصروف ترین مقامات میں شمار ہوتا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق تقریباً 1.8 کلومیٹر طویل یہ ساحل گرمیوں کے موسم میں تفریح کے شوقین افراد سے کھچا کھچ بھر جاتا ہے۔ ہفتے کے اختتام پر یہاں لوگوں کی اتنی بڑی تعداد جمع ہو جاتی ہے کہ ساحل پر چلنا پھرنا اور سمندر تک پہنچنا بھی ناممکن دکھائی دیتا ہے۔
انتظامیہ نے مئی سے اکتوبر تک ساحل پر روزانہ آنے والے افراد کی تعداد زیادہ سے زیادہ 80 ہزار تک مقرر کر دی ہے۔ حکام نے یہ فیصلہ سیاحوں کی سہولت اور ساحل پر بڑھتی ہوئی افراتفری کو کنٹرول کرنے کے لیے کیا ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
اب اس ساحل کی سیر کے خواہشمند سیاحوں اور مقامی افراد کے لیے پیشگی بکنگ کروانا لازمی ہوگا۔ بغیر بکنگ کے کسی کو بھی ساحل کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس نظام کا مقصد ہجوم کو ایک منظم حد کے اندر رکھنا ہے۔
ڈیمیشا بیچ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ماضی میں بعض مواقع پر ایک ہی وقت میں تقریباً 2 لاکھ افراد ساحل پر موجود رہے ہیں۔ اس حد سے زیادہ ہجوم کے باعث سیاحوں کو تیراکی اور آرام کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
ساحل پر آنے والے متعدد سیاحوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنے تلخ تجربات شیئر کرتے ہوئے شدید رش کی شکایت کی ہے۔ کئی افراد نے بتایا کہ ہجوم کی وجہ سے وہ ساحل سے سمندر کے پانی تک پہنچنے میں بھی کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔
اگرچہ ڈیمیشا ایک عوامی ساحل ہے اور اصولی طور پر ہر شخص کو وہاں جانے کا حق حاصل ہے، لیکن بڑھتی ہوئی بھیڑ کے باعث انتظامیہ نے رسائی محدود کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام ساحل کے حسن کو برقرار رکھنے اور سیاحوں کو پرسکون ماحول فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔