اٹلی کی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی کی حکومت نے جنگِ عظیم دوم کے بعد ملک میں مسلسل سب سے زیادہ عرصے تک اقتدار میں رہنے کا ریکارڈ قائم کر لیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جارجیا میلونی کی حکومت 1412 دن مکمل کر کے سابق وزیرِ اعظم سِلویو برلسکونی کی مسلسل حکومت کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہو گئی۔
اٹلی میں گزشتہ 8 دہائیوں کے دوران سیاسی عدم استحکام کے باعث 68 حکومتیں بن چکی ہیں۔
جارجیا میلونی کے حامی اس کامیابی کو سیاسی استحکام کی علامت قرار دے رہے ہیں جبکہ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کا طویل عرصے تک قائم رہنا لازماً سیاسی استحکام کی نشاندہی نہیں کرتا۔
امریکا کا ساتھ نہ دینے پر اٹلی میں جارجیا میلونی کی مقبولیت کم ہو رہی ہے: ڈونلڈ ٹرمپ
عرب میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ تجزیہ کاروں کے مطابق میلونی حکومت کو 2018ء کے انتخابی قانون اور دائیں بازو کے اتحاد کی پارلیمانی اکثریت سے فائدہ ہوا جبکہ اقتدار برقرار رکھنے کے لیے حکمراں جماعت نے اپنے کئی انتخابی وعدوں پر سمجھوتہ کیا۔
دوسری جانب سابق فوجی جنرل روبرتو واناچی کی نئی انتہائی دائیں بازو کی جماعت صرف 7 ماہ میں اٹلی کی چوتھی مقبول ترین سیاسی قوت بن چکی ہے جو 2027ء کے انتخابات میں میلونی کے لیے چیلنج بن سکتی ہے۔
اٹلی کی معیشت بھی دباؤ کا شکار ہے، 2026ء میں معاشی ترقی صرف 0.6 فیصد رہنے کی پیش گوئی ہے۔
ماہرین نے حکومت کی سماجی پالیسیوں پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ناقدین کا کہنا ہے کہ احتجاج اور عوامی اختلافِ رائے سے متعلق قوانین میں سختی جمہوری آزادیوں کے لیے خطرناک رجحان ہے۔