ممبئی; بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن مشہور زمانہ شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بدھ کے روز شو کی شوٹنگ کے دوران بگ بی نے ناظرین کو بتایا کہ اسٹیج کے درمیان میں کھڑے ہو کر روایتی اوپننگ مونولاگ دینے کے دوران ان کا پاؤں پھسل گیا تھا، جس کے باعث وہ گر پڑے اور انہیں گھٹنے میں چوٹ لگ گئی۔ اس واقعے کے بعد انہیں کھڑے ہونے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
امیتابھ بچن نے بتایا کہ عام طور پر وہ اپنا مونولاگ اسٹیج کے مرکز میں کھڑے ہو کر ریکارڈ کراتے ہیں، تاہم گھٹنے کی تکلیف کے باعث اس بار انہوں نے مونولاگ بیٹھ کر ہی ریکارڈ کرایا۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو تسلی دی کہ چوٹ زیادہ شدید نہیں ہے اور وہ جلد ہی مکمل صحتیاب ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ ایک طرف جہاں امیتابھ بچن اس وقت کے بی سی 18 کی میزبانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہیں حال ہی میں انہوں نے اپنے ایک بلاگ پوسٹ میں “ریٹائرمنٹ” کا ذکر کرکے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا تھا۔
تاہم بعد میں انہوں نے وضاحت کی تھی کہ ان کے الفاظ کا غلط مطلب لیا گیا کیونکہ انہوں نے “ریٹائر ٹو بیڈ” کے معنی میں یہ بات کہی تھی، اور ان کا کام سے سبکدوش ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
یاد رہے کہ 83 سالہ امیتابھ بچن بھارتی سنیما کے تاریخ کے سب سے کامیاب اور مایہ ناز اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں جو اب تک دو سو سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔