بنگلادیش میں بھیک مانگ کر زندگی گزارنے والے 35 سالہ شخص کا اپنی 21 شادیوں سے متعلق حیران کن دعویٰ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اس کا چرچا ہونے لگا۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق مورو میاں نامی شخص کا کہنا ہے کہ وہ 21 خواتین سے شادی کرچکا ہے اور یہ تمام خواتین اس کی بیویاں ہیں۔ تاہم اس دعوے کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ مورو میاں کو اپنی تمام بیویوں کے نام بھی یاد نہیں۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق مورو میاں کا کہنا ہے کہ اس نے کبھی خود کسی خاتون کے سامنے شادی کی خواہش کا اظہار نہیں کیا بلکہ خواتین ہی اس کے پاس رشتہ لے کر آتی رہیں، وہ کسی خاتون کو شادی سے انکار نہیں کرپاتا تھا، چنانچہ ہر مرتبہ آنے والی پیشکش قبول کرتا گیا۔
اس شخص نت بتایا کہ شادیوں کا یہ سلسلہ چلتے چلتے اتنا آگے بڑھ گیا کہ اس کی بیویوں کی تعداد 21 تک پہنچ گئی۔ اس غیر معمولی دعوے نے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا صارفین کی بھی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔
مورو میاں کے دعوے کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں شادیوں کے باوجود اس کی زندگی میں مالی آسودگی نہیں آئی۔ وہ آج بھی ایک کمرے پر مشتمل جھونپڑی میں رہتا ہے اور اپنے خاندان کے اخراجات پورے کرنے کے لیے بنیادی طور پر بھیک مانگنے پر انحصار کرتا ہے۔
تاہم 21 شادیوں سے متعلق مورو میاں کے دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ اس لیے اس کی شادیوں کی تعداد سے متعلق معلومات کو فی الحال ایک غیر معمولی اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے دعوے کے طور پر ہی دیکھا جارہا ہے۔