HomeHighlighted Newsفیفا ورلڈ کپ 2026: مصر آسٹریلیا کو شکست دیکر پہلی مرتبہ راؤنڈ آف 16 میں پہنچا، پری کوارٹر فائنل میں میسی کی ارجنٹینا سے ہوگا مقابلہ
فیفا ورلڈ کپ 2026: مصر آسٹریلیا کو شکست دیکر پہلی مرتبہ راؤنڈ آف 16 میں پہنچا، پری کوارٹر فائنل میں میسی کی ارجنٹینا سے ہوگا مقابلہ
ڈیلاس: فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں مصر نے تاریخ رقم کرتے ہوئے راؤنڈ آف 32 میں آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر پہلی مرتبہ پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
مصر کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے فلسطینی جھنڈا بلند کیا اور اپنی ٹیم کی تاریخی فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں آسٹریلیا کے خلاف فتح کو فلسطینی عوام کے نام وقف کر دیا۔
ڈیلاس میں اپنے راؤنڈ آف 32 کے مقابلے میں آسٹریلیا کے خلاف 1-1 سے ڈرا ہونے کے بعد مصر نے چار دو کی پینلٹی شوٹ آؤٹ سے ڈرامائی فتح پر مہر لگائی۔ حسن نے میچ کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران فلسطینیوں کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرنے سے پہلے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اٹھا کر جشن منایا۔
ایکس پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں انھوں نے کہا، “میرا دل اور روح ان (فلسطینیوں) کے ساتھ ہے،” کوچ حسام حسن نے فلسطینیوں کے بارے میں کہا، دعا ہے کہ “خدا ان کے شہداء پر رحم کرے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ میں اس فتح کو مصری عوام اور اچھے اور فیاض فلسطینی عوام کے نام وقف کرتا ہوں۔
مصر اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا میچ مقررہ اور اضافی وقت میں ایک، ایک گول سے برابر رہا تھا جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔پنالٹی شوٹ آؤٹ پر مصر نے چار اور آسٹریلیا نے دو گول اسکور کیے۔
ڈیلاس میں کھیلے گئے میچ میں مصر کے کھلاڑی امام عاشور نے 13ویں منٹ میں ہی گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچا دی۔ پہلے ہاف کے ختم ہونے تک مصر کو ایک صفر کی برتری حاصل رہی۔ تاہم دوسرے ہاف کے دسویں منٹ میں ایک موو پر مصری کھلاڑی محمد ہانی کی غلطی نے گیند ان ہی کی ٹیم کے جال میں پہنچادی جس کی وجہ سے مقابلہ 1-1 گول سے برابر ہوگیا۔
اس کے بعد دونوں ٹیمون نے ایک دوسرے کے خلاف کئی حملے کیے لیکن مقررہ وقت میں مزید گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔
اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیموں کا اسکور برابر رہا تو میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے پنالٹی شوٹ آؤٹ کا سہارا لیا گیا۔ جس میں مصر نے آسٹریلیا کے ورلڈ کپ 2026 کے سفر پر بریک لگاتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔
پری کوارٹر فائنل میں مصر کا مقابلہ ارجنٹینا سے:
فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں ارجنٹینا نے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد کیپ ورڈی کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ راؤنڈ آف 16 میں ارجنٹینا کا مقابلہ مصر کے ساتھ ہوگا۔
میسی کی ارجنٹینا نے میامی میں کھیلے گئے میچ میں کیپ ورڈی کو دو تین سے شکست دے دی۔ دلچسپ مقابلے میں کیپ ورڈی نے دو مرتبہ خسارے میں جانے کے باوجود میچ برابر کیا۔ مقابلہ مقررہ وقت میں 1-1 گول سے برابر رہا تھا۔ اضافی وقت میں ارجنٹینا نے دو اور کیپ ورڈی نے ایک گول اسکور کیا۔ ارجنٹینا اور مصر کے درمیان میچ سات جولائی کو کھیلا جائے گا۔ اس مقابلے میں فٹبال کے دو عظیم کھلاڑی محمد صالح اور میسی آمنے سامنے ہوں گے۔