امریکا سے تعلق رکھنے والے معروف ریکارڈ ساز ڈیوڈ رش نے ایک بار پھر اپنی غیر معمولی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ماتھے پر 195 ٹوائلٹ پیپر رولز متوازن رکھ کر گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
ریاست آئیڈاہو کے رہائشی ڈیوڈ رش نے یہ منفرد کارنامہ انجام دیتے ہوئے تمام رولز کو مسلسل 30 سیکنڈ تک اپنے ماتھے پر متوازن رکھا، جس کے بعد انہیں اس منفرد شعبے کا نیا عالمی ریکارڈ ہولڈر قرار دیا گیا۔
ڈیوڈ رش اس سے قبل بھی اسی شعبے میں ریکارڈ قائم کر چکے تھے۔ انہوں نے 2021 میں 101 ٹوائلٹ پیپر رولز متوازن رکھ کر عالمی اعزاز حاصل کیا تھا، تاہم بعد میں ایک دوسرے شخص نے 152 رولز کے ساتھ ان کا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔
اپنا اعزاز دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ڈیوڈ رش نے مئی 2025 میں بھی کوشش کی، لیکن وہ اس مرحلے پر کامیاب نہ ہو سکے۔ ان کے مطابق اس چیلنج میں معمولی سی بے چینی یا گھبراہٹ بھی پورے توازن کو بگاڑ دیتی ہے، جس سے تمام رولز ایک لمحے میں گر جاتے ہیں اور پوری محنت ضائع ہو جاتی ہے۔
بعد ازاں دوسری کوشش میں انہوں نے نہایت مہارت اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 195 رولز کامیابی سے متوازن رکھے اور نہ صرف اپنا سابقہ اعزاز واپس حاصل کیا بلکہ ایک نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔
ڈیوڈ رش کا شمار دنیا کے ان افراد میں ہوتا ہے جنہوں نے مختلف منفرد شعبوں میں سب سے زیادہ گینیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کر رکھے ہیں۔ وہ نت نئے اور غیر معمولی چیلنجز قبول کرنے اور دلچسپ عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے باعث دنیا بھر میں خاصی شہرت رکھتے ہیں۔