منیاپولس میں دائیں بازو کے رہنما کی اسلام مخالف ریلی کی کوشش ناکام: پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں

امریکی ریاست مینیسوٹا کے شہر منیاپولس میں کیپیٹل ہل پر حملے کے متنازع کردار اور قرآن پاک نذرِ آتش کرنے کی کوشش کرنے والے شخص جیک لینگ کی جانب سے منعقدہ اسلام مخالف ریلی کے موقع پر شدید ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔ سٹی ہال کے باہر سیکڑوں کی تعداد میں مخالف مظاہرین نے جمع ہو کر اس ریلی کا گھیراؤ کیا، جس کے بعد پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور بالآخر جیک لینگ کو حراست میں لے لیا گیا۔
جیک لینگ اور ان کے کچھ ساتھیوں نے فٹ پاتھ پر گاڑیاں چلاتے ہوئے سٹی ہال میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر وہاں موجود مخالف مظاہرین نے شدید ردِعمل ظاہر کیا۔
مظاہرین کی جانب سے گاڑیوں پر پانی کے غبارے، بوتلیں اور دیگر اشیاء پھینکی گئیں، جبکہ اس دوران اسپائیڈر مین کا لباس پہنے ہوئے ایک شہری نے بھی گاڑی کے پچھلے حصے پر چڑھ کر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ ہنگامے کے دوران دونوں جانب سے مرچوں کے اسپرے کا استعمال کیا گیا، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی۔






