علیگڑھ: دہلی گیٹ تھانہ حلقے میں سڑک پر کچھ نمازیوں کے عید کی نماز پڑھنے کا معاملہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ اتر پردیش حکومت کے وزیر مملکت ٹھاکر رگھوراج سنگھ نے کہا کہ ‘اگر آپ بھارت میں رہنا ہے تو آئین پر عمل کرنا ہوگا۔
اگر آپ ایسا نہیں کر سکتے تو پاکستان، عراق یا کسی بھی مسلم ملک میں چلے جائیں۔’
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں ہر فرد کو اپنی مذہبی سرگرمیاں آئین کے دائرے میں رہ کر انجام دینا ہوں گی۔ عوامی مقامات پر اس طرح نماز پڑھنا نہ تو مناسب ہے اور نہ ہی یہ کسی کا بنیادی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘علی گڑھ وہ جگہ ہے جہاں سڑک پر نماز پڑھنے پر پابندی شروع ہوئی تھی، لیکن اب اسی جگہ اس اصول کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، جو تشویشناک ہے۔’
انہوں نے کہا کہ ‘اگر سڑک پر نماز پڑھنی ہے تو پاکستان یا عراق چلے جائیں۔ ہندوؤں کے لیے انتظامیہ کو اتنی تعیناتی نہیں کرنی پڑتی جتنی ان لوگوں کے لیے کی جاتی ہے۔
انہوں نے انتظامی افسران سے بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر کہیں بھی سڑک پر نماز پڑھی جاتی ہے تو اس کے لیے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔
وزیر رگھوراج سنگھ نے کہا کہ ‘نماز ہو یا عید، ہر تہوار اور مذہبی تقریب آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر ہونی چاہیے۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ کوئی شخص سڑک کسی کے گھر کے سامنے قبضہ کر کے مذہبی تقریب منعقد کرے۔’