xکتاب کے ساتھ ایک معذرت خواہانہ خط اور 100 امریکی ڈالر بھی شامل تھے
امریکا میں دکان سے چُرائی گی کتاب 40 برس بعد واپس لوٹا دی گئی۔
ریاست کیلیفورنیا کے شہر یوریکا میں واقع ایک کتابوں کی دکان بُک لیگر کو حال ہی میں ایک ایسا پارسل موصول ہوا جس میں تقریباً 40 سال پہلے چوری کی گئی ایک کتاب واپس بھیجی گئی تھی۔ اس کتاب کے ساتھ ایک معذرت خواہانہ خط اور 100 امریکی ڈالر بھی شامل تھے۔
دکان کے مطابق پارسل میں ایڈورڈ گوری کی کتاب ’دی ان اسٹرَنگ ہارپ‘ موجود تھی۔ ساتھ رکھے گئے خط میں بھیجنے والے نے اعتراف کیا کہ اس نے یہ کتاب تقریباً چار دہائیاں قبل اس وقت چرائی تھی جب وہ ہمبولڈٹ اسٹیٹ یونیورسٹی کا طالب علم تھا۔
خط میں لکھا گیا کہ اس زمانے میں وہ منشیات اور شراب کی لت کا شکار تھا اور پیسوں کی شدید ضرورت کے باعث اس نے یہ غلطی کی۔ بعد ازاں اس کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئی اور اسے اپنی اس حرکت پر گہرا افسوس ہوا۔
خط کے مطابق حال ہی میں یہ کتاب اس کے گیراج میں رکھے ایک ڈبے سے دوبارہ ملی، جس کے بعد اس نے اسے دکان کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ اس نے معذرت کے اظہار کے طور پر 100 ڈالر بھی پارسل میں شامل کیے۔
کتابوں کی دکان نے اس غیر معمولی واقعے کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کئی دہائیوں بعد کتاب کی واپسی اور بھیجنے والے کی دیانت داری اور ندامت ایک منفرد اور متاثر کن واقعہ ہے۔