امپھال: منی پور کے ضلع چاندیل میں گزشتہ تین دنوں ( 18 نومبر سے 20 نومبر) میں زہریلی شراب پینے کے واقعات میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور 300 سے زائد افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
اسپتال میں داخل مریضوں کی اکثریت چاکپیکارونگ اور اس کے آس پاس کے علاقوں سے تعلق رکھتی ہے۔ انہیں امپھال کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے، جن میں جے این آئی ایم ایس، آر آئی ایم ایس، شجا اسپتال اور بابینا اسپتال شامل ہیں۔
صورتحال کا جائزہ لینے اور زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کے لیے وزیراعلیٰ یمنام کھیم چند سنگھ نے جمعہ کی سہ پہر شجا اسپتال اور بابینا اسپتال کا دورہ کیا۔ سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں سنگھ نے کہا، “آج (جمعہ کو)، میں نے لیمپھیلپاٹ میں شجا اسپتال اور سجیوا میں بابینا اسپتال کا دورہ کیا۔
میں نے ان لوگوں کی حالت دریافت کی جو ضلع چاندیل کے علاقے چاکپیکارونگ میں زہریلی شراب پینے کے بعد زیرِ علاج ہیں۔” انہوں نے مزید کہا، “شجا اسپتال میں 140 سے زائد اور بابینا اسپتال میں 41 سے زیادہ مریض داخل ہیں۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ مریضوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے اور ڈاکٹروں کی قریبی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔”
وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ “جنرل میڈیسن کے ماہر کی قیادت میں ایک طبی ٹیم کو ضروری سامان کے ساتھ ضلع چاندیل بھیجا گیا ہے تاکہ علاج اور امدادی سرگرمیوں کو بہتر بنایا جا سکے۔ حکومت اس معاملے کی تحقیقات کرے گی اور ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔”
شجا اسپتال کے جوائنٹ مینیجنگ ڈائریکٹر چیتن کے نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اسپتال میں داخل مریضوں میں چکر آنا، پیٹ میں درد اور دیگر طبی پیچیدگیوں جیسی علامات ظاہر ہو رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، “کچھ مریضوں کا ہیمو ڈائلیسس بھی کیا جا رہا ہے۔” جے این آئی ایم ایس کے ایک ڈاکٹر نے بتایا، “اسپتال میں داخل ہونے والے بہت سے لوگوں نے اپنے علاقہ میں دستیاب شراب پی رکھی تھی اور وہ خوفزدہ ہو کر یہاں آ گئے تھے۔”
شجا اسپتال کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ “اب تک 312 سے زائد مریضوں کا میتھانول پوائزننگ کے لیے علاج کیا جا چکا ہے۔”
ابتدائی اطلاعات سے پتہ چلتا ہے کہ مشتبہ زہریلی شراب کاچنگ ضلع میں واقع ’سگنو‘ سے خریدی گئی تھی۔ چاندیل حلقے کی رکن اسمبلی ایس ایس اولیش نے بتایا کہ مزید مریضوں کو امپھال منتقل کرنے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں۔