شکاگو دریا میں 90 ہزار ربڑ کی بطخوں کی ریس، فلاحی مقصد کے لیے منفرد ایونٹ
یہ منفرد مقابلہ اسپیشل اولمپکس الینوائے کے لیے ہزاروں ڈالرز جمع کرنے کی غرض سے منعقد کیا جاتا ہے
امریکی شہر شکاگو میں جمعرات کے روز 90 ہزار ربڑ کی بطخیں ٹرک سے شکاگو ریور میں ڈال دی گئیں، جہاں انہوں نے سالانہ ’شکاگو ڈکی ڈربی‘ میں حصہ لیا۔ یہ منفرد مقابلہ اسپیشل اولمپکس الینوائے کے لیے ہزاروں ڈالرز جمع کرنے کی غرض سے منعقد کیا جاتا ہے۔
ایک نیم کھلے پل کے ایک جانب سے بطخوں کو دریا میں چھوڑا گیا، جس کے بعد پانی پر زرد رنگ کا بڑا جھنڈ نظر آنے لگا۔ بطخیں تقریباً 15 منٹ تک دریا میں تیرتی رہیں، جس کے بعد فاتح اور رنر اپ بطخوں کو پانی سے نکال لیا گیا۔
اس سالانہ تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ میلے میں لوگوں نے بڑی جسامت والی بطخوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں، جبکہ شرکا نے ’میں ایک بطخ کو گود لیتا ہوں کیونکہ…‘ کے عنوان سے چاک بورڈ پر اپنے خیالات بھی لکھے۔ کئی افراد نے ربڑ کی بطخوں کی تصاویر والی شرٹس پہن رکھی تھیں۔
اسپیشل اولمپکس کی 13 سالہ ایتھلیٹ اور ڈکی ڈربی کی سفیر بیکی کیوناگ نے فاتح بطخ کو بلند کیا تو دریا کے دونوں اطراف موجود ہجوم نے خوشی کا اظہار کیا۔
کیوناگ نے بتایا کہ اسپیشل اولمپکس میں انہیں سب سے زیادہ نئے دوست بنانا پسند ہے۔