واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہونے کے قریب ہے۔
فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تہران کسی بھی طرح معاہدہ کرنا چاہتا ہے، مداخلت نہ کرتا تو اس وقت ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے، انہیں ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
بعدازاں اے بی سی نیوز چینل کے رپورٹر سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جنگ بندی میں توسیع کے بارے میں نہیں سوچ رہا، اس کی ضرورت بھی نہیں ہے، آنے والے 2 دن انتہائی اہم اور غیر معمولی ہوں گے، ایران جنگ کا اختتام کسی بھی صورت میں ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران سے معاہدہ زیادہ بہتر آپشن ہے، معاہدے کی صورت میں ایران کو دوبارہ تعمیر کا موقع ملے گا، ایران میں اب ایک مختلف نظام قائم ہو چکا ہے، انتہا پسند عناصر کو ختم کر دیا گیا ہے اور وہ اب موجود نہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ اگر میں صدر نہ ہوتا تو دنیا تباہی کا شکار ہو چکی ہوتی، نیٹو اتحاد امریکا کیلئے مؤثر ثابت نہیں ہوا، نیٹو نہ ماضی میں امریکا کے ساتھ کھڑا ہوا اور نہ ہی مستقبل میں ہوگا۔
گزشتہ روز امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ اگلے مذاکرات بھی پاکستان میں ہونے کا واضح اشارہ دے دیا۔
نیویارک پوسٹ کو انٹرویو میں کہا کہ ایران سے مذاکرات کا اگلا دور پاکستان میں آئندہ 2 روز میں ہو سکتا ہے، امریکی میڈیا کو وہاں ہونا چاہیے، پاکستان کے فیلڈ مارشل بہت اچھا کام کر رہے ہیں، وہ لاجواب ہیں، اس لئے زیادہ امکان ہے کہ ہم پاکستان چلے جائیں۔