امریکا میں تکنیکی خرابی کے باعث شدید متاثر ہونے والا فضائی آپریشن بحال ہونا شروع ہو گیا تاہم فضائی عمل کو مکمل بحال ہونے میں کافی وقت درکار ہوگا۔
امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی (ایف اے اے) نے امریکا بھر میں گراؤنڈ اسٹاپ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فضائی آپریشنز کی بحالی کا عمل شروع کر دیا ہے۔
سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ اس واقعے کا مائیکروسافٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ سائبر حملے کا بھی کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، صورتحال درست سمت میں آگے بڑھتی دکھائی دے رہی ہے، گراؤنڈ اسٹاپ کے دوران تمام ٹیلی کام اور ریڈار سروسز معطل نہیں ہوئیں۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ ڈیٹا کے حد سے زیادہ دباؤ کے باعث سوئچز اور راوئٹرز بند ہوگئے تھے، فضائی ٹریفک کنٹرول سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لیے اب 50 ارب ڈالر درکار ہیں، جمعے کو پیش آنے والی صورتحال سے معمول پر آنے میں وقت لگے گا۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ کا کانگریس سے ہنگامی فنڈنگ کا مطالبہ
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ نے فضائی نظام کی بحالی کے لیے کانگریس سے ہنگامی فنڈنگ کا مطالبہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ فضائی سسٹم کو مکمل طور پر بحال ہونے تک ہزاروں مسافروں کو ائیرپورٹس پر رات گزارنا پڑسکتی ہے، غیر مستحکم مواصلاتی نظام کے باعث حکام نے فضائی ٹریفک کنٹرول سسٹم بندکیا، فضائی آپریشنز بحال ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔
فضائی نظام میں خرابی کے باعث 13 ہزار سے زائد پروازیں متاثر
قبل ازیں امریکی ایوی ایشن حکام کا کہنا تھا کہ امریکا کے تمام ہوائی اڈوں پر پروازوں کی روانگی روک دی گئی ہے جبکہ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فضائی نظام پر سائبر حملے یا تخریب کاری کی تاحال سرکاری تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
ایف اے اے کے مطابق امریکا آنے والی بین الاقوامی پروازوں کا الگ الگ جائزہ لیا جائےگا جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی سے ریڈار اور ائیر ٹریفک کنٹرول کی صلاحیت متاثر ہوئی، امریکی وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ خرابی سے 22 ائیر ٹریفک کنٹرول مراکز متاثرہوئے، ایف اے اے کے تکنیکی ماہرین تحقیقات کر رہے ہیں۔
امریکا میں شدید متاثر ہونے والا فضائی عمل بحال ہونا شروع
فوٹو فائل
امریکا میں آپریشن معطل ہونےسے ایشیا، یورپ اور کینیڈا سمیت دنیا بھر میں 26 ہزار سےزائد پروازیں التوا کا شکار ہوئیں، تین ہزار پروازیں منسوخ ہوئیں اور 15لاکھ مسافروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
خبر ایجنسی کا بتانا تھا کہ ایف بی آئی کی جانب سے بھی معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ہوم لینڈ سکیورٹی چیف مارک وین مولن کا کہنا ہے کہ عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، صدر ٹرمپ کو صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
مارک وین مولن کا کہنا تھا کہ تمام پروازوں کا ریکارڈ موجود ہے، ائیر ٹریفک کنٹرول مراکز میں مواصلاتی خرابی کے باعث پروازیں روکی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فضائی نظام میں خرابی کے حوالے سے اے آئی اور سائبر حملے کے امکان کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا، تاہم یہ کوئی نائن الیون جیسا واقعہ نہیں ہے، گراؤنڈ اسٹاپ کسی سکیورٹی خطرے کی وجہ سے نہیں لگایا۔
امریکا میں شدید متاثر ہونے والا فضائی عمل بحال ہونا شروع
فوٹو فائل
امریکی ٹی وی کے مطابق فضائی نظام کی خرابی میں ریڈیو فریکوئنسیز بھی متاثر ہوئیں، وال اسٹریٹ جرنل کا بتاناتھا کہ فضائی بحران کے امریکا بھر میں 13 ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں۔
یوروکنٹرول کے مطابق امریکی فضائی نظام میں خرابی کے باعث یورپ سے امریکا جانے والی تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔
اس حوالے سے امریکی ٹیک فرم مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ فضائی نظام کی خرابی کا ہماری سروسز سے تعلق نہیں جبکہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ پروازوں کے بحران کی وجہ سائبر حملہ یا مصنوعی ذہانت نہیں لگتی۔
دوسری جانب امریکی محکمہ موسمیات کو بھی ملک گیر انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام میں خرابی کا سامنا ہے، خرابی کے باعث ویب سائٹس پر موسمی معلومات تک رسائی متاثر ہوئی ہے۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق تکنیکی ماہرین خرابی دور کرنے میں مصروف ہیں۔