امبیڈکر نگر: اترپردیش کے ضلع امبیڈکر نگر کے جلالپور تھانہ حلقے میں اتوار کی دیر رات پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دو بائک کے بیچ ٹکر کے بعد زخمیوں کو بچانے کے لیے دوڑے لوگوں کو ایک بے قابو کار نے کچل دیا۔
اس حادثے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
جانکاری کے مطابق، اتوار کی رات تقریباً 12:00 بجے دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ دونوں بائیک پر سوار افراد شدید زخمی ہو گئے۔ آس پاس موجود لوگ زخمیوں کی مدد کے لیے جائے وقوع پر پہنچے اور انھیں اسپتال لے جانے کی کوشش کرنے لگے۔
اسی دوران اچانک ایک بے قابو کار آئی اور مدد کرنے کی کوشش کرنے رہے لوگوں کو کچل دیا۔ یہ حادثہ جلال پور تھانہ حلقے میں اشرف پور بھووا بھاٹھے کے قریب پیش آیا۔
حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے لوگوں کی مدد سے تمام زخمیوں کو جلال پور سی ایچ سی پہنچایا۔ وہاں ڈاکٹروں نے چھ افراد کو مردہ قرار دیا۔ دو زخمیوں کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔ بعد ازاں انہیں ٹانڈہ میڈیکل کالج بھیجا گیا جہاں علاج کے دوران ان کی بھی موت ہوگئی۔
ہلاک شدگان کی شناخت
مرنے والوں کی شناخت کیفی (32)، اتم کمار (24)، آدتیہ کمار (25)، لال چند (24)، راجو گپتا (32) اور امبیڈکر نگر کے رہنے والے چھوٹو کے طور پر کی گئی ہے۔ دو دیگر کی شناخت تا حال نہیں ہو سکی ہے۔
جلالپور پولیس اسٹیشن کے افسر اجے پرتاپ یادو نے بتایا کہ کار کے بارے میں جانکاری اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ سڑک حادثے میں آٹھ افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ پولیس واقعے کی جانچ میں مصروف ہے۔