ایران کے پارلیمانی اسپیکر باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ایران کے ساتھ مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی۔
قطری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکی حکام نے ماسکو کے دورے کے دوران روسی صدر سے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ایران نے 8 ماہ سے جاری تنازع کے خاتمے کے لیے قطر کے ذریعے امریکا کو 7 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا ہے، اب ایران امریکی جواب کا منتظر ہے۔
جنگ کے خاتمے کیلئے وینس کا ایران سے براہِ راست مذاکرات پر غور
باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ امریکا طے شدہ نکات کی پابندی کرے اور ایسے مطالبات سے گریز کرے جو بداعتمادی بڑھاتے ہیں تو معاہدہ ممکن ہے، لیکن ایران کو اب بھی واشنگٹن پر اعتماد نہیں۔
ایرانی اسپیکر نے کہا ہے کہ شرائط میں امریکی بحری ناکا بندی اور اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ، منجمد ایرانی اثاثوں کی واپسی، تمام محاذوں پر جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان شامل ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اب گیند امریکا کے کورٹ میں ہے، آبنائے ہرمز امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ سے پہلے والی حیثیت میں واپس نہیں آئے گی، ایران اور عمان اس اہم آبی گزر گاہ کی نگرانی کے حوالے سے نئی مفاہمت پر پہنچ چکے ہیں۔
باقر قالیباف نے خبردار کیا کہ امریکا نے ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کی تو اسے ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔