شمالی عراق میں امریکی افواج کے زیر استعمال الحریر ایئربیس کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ سلیمانیہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تمام پروازیں اگلے حکم تک روک دی گئی ہیں۔
خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شمالی عراق کے کردستان ریجن میں اربیل کے قریب واقع الحریر ایئربیس، جہاں امریکی افواج تعینات ہیں، ہفتے کی صبح ڈرون حملے کا نشانہ بنا۔
ذرائع کے مطابق حملے کے بعد ایئربیس کے اطراف میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ امریکی تنصیب پر نصب پیٹریاٹ دفاعی نظام بھی فعال کر دیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔
دوسری جانب عراقی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ سلیمانیہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تمام پروازیں تاحکمِ ثانی معطل کر دی گئی ہیں، تاہم پروازوں کی معطلی کی وجہ فوری طور پر نہیں بتائی گئی۔