ڈھاکا: بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالرناہید رانا نے اپنے ولیمے کی تقریب میں امیر اورسیاسی و معروف شخصیات کے بجائے مدرسےکےحفاظ کو مدعوکیا۔
21 سالہ فاسٹ بولر ناہید رانا نے اپنی شادی کی تقریب کو سادگی اور مذہبی عقیدت کی مثال بنا دیا. جس پر کرکٹ شائقین کی جانب سے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے انہوں نے اپنی ولیمے کی تقریب میں سیاسی شخصیات، امیر افراد یا معروف شخصیات کے بجائے مدرسے کے 100 سے زائد حفاظِ کرام کو مدعو کیا۔
ولیمے میں روایتی موسیقی اور دیگر تقریبات کے بجائے قرآن پاک کی تلاوت اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کا اہتمام کیا گیا. جس سے محفل روحانی ماحول میں بدل گئی۔ فاسٹ بولر نے مدرسے کے طلبہ کو کھانا کھلانے کے ساتھ ساتھ انہیں نقد رقم، نئے کپڑے اور جوتے بھی تحفے میں دیے۔
ناہید رانا کا کہنا ہے کہ ان کے والد کسان ہونے کے ساتھ حافظِ قرآن بھی ہیں. اسی خاندانی تربیت اور مذہبی پس منظر کی وجہ سے انہوں نے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز سادگی اور برکت کے انداز میں کرنے کا فیصلہ کیا۔
ناہید رانا کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر بڑی پذیرائی مل رہی ہے. جہاں مداح ان کی عاجزی، خاندانی اقدار اور سادہ طرزِ زندگی کو سراہ رہے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ جدید دور میں جب کئی معروف شخصیات شاہانہ تقریبات کا اہتمام کرتی ہیں.ایسے میں ناہید رانا کی سادگی ایک مثبت مثال ہے۔