متاثرین میں سے دس کا تعلق بنگلہ دیش کے شمالی ضلع نوگاؤں سے تھا
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں صوفہ بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 16 بنگلہ دیشی شہری جاں بحق ہوگئے۔
بنگلہ دیشی وزارت خارجہ نے پیر کو ایک بیان میں بتایا کہ ریاض میں صوفہ بنانے والی فیکٹری میں اتوار کو لگنے والی آگ کے نتیجے میں 16 بنگلہ دیشی شہری جاں بحق ہوئے۔
بنگلہ دیشی سفارتخانے کے مطابق آگ ریاض کے الشفا ضلع کے صنعتی علاقے میں واقع ایک مینوفیکچرنگ یونٹ میں لگی۔ سفارتخانے نے بتایا کہ حادثے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ آگ سے متاثر ہونے والے تمام افراد جاں بحق ہوگئے۔
بنگلہ دیش کے وزیر برائے تارکین وطن کی بہبود عارف الحق چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب میں موجود بنگلہ دیشی سفارتخانے کے ذریعے مقامی حکام سے مسلسل رابطہ جاری ہے۔ متاثرین میں سے دس کا تعلق بنگلہ دیش کے شمالی ضلع نوگاؤں سے تھا جبکہ باقی کا تعلق شمالی اور مغربی نٹور اور راجشاہی اضلاع سے تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ جاں بحق تارکین وطن کی میتیں جلد وطن واپس پہنچانے کے انتظامات کیے جائیں اور ان کے اہل خانہ کو حکومت کی جانب سے ضروری امداد اور معاوضے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ریاض میں بنگلہ دیشی سفارتخانے نے بعد ازاں بتایا کہ وہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں ہے اور متاثرین کی شناخت اور میتوں کی وطن واپسی کے لیے سعودی حکام کے ساتھ رابطہ کاری کر رہا ہے۔
دوسری جانب سعودی دارالحکومت کے سول ڈیفنس ادارے نے بتایا کہ ایک غیر لائسنس یافتہ مرکز میں آگ لگ گئی تھی، جہاں فرنیچر کی upholstery یعنی صوفوں اور فرنیچر پر کپڑا چڑھانے کا کام کیا جاتا تھا۔ سول ڈیفنس کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا، تاہم جانی نقصان سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
ادارے نے بتایا کہ واقعے کے بعد مذکورہ مقام سے متعلق ضروری قانونی اور انتظامی کارروائی مکمل کرلی گئی۔
بنگلہ دیشی حکام کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 70 لاکھ بنگلہ دیشی شہری بیرون ملک کام کرتے ہیں، جن کی اکثریت مشرق وسطیٰ کے ممالک میں مقیم ہے۔ سعودی عرب میں 30 لاکھ سے زائد بنگلہ دیشی شہری مقیم ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
خلیجی ممالک کی طرح سعودی عرب بھی افرادی قوت کی ضروریات پوری کرنے کے لیے برصغیر سے بڑی تعداد میں غیر ملکی کارکنوں پر انحصار کرتا ہے، خاص طور پر دستی مزدوری سے متعلق شعبوں میں۔
سعودی عرب میں غیر ملکی کارکن مختلف شعبوں میں خدمات انجام دیتے ہیں، جن میں انتظامی امور سے لے کر صفائی، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں کام کرنا بھی شامل ہے۔