سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طائف میں موسلا دھار بارش کے بعد شہری خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہوئے، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران مملکت کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
سول ڈیفنس نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
بیان کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے۔
سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔