گوہاٹی: بدھ کی علی الصبح گوہاٹی کے مضافات میں دگارو ریلوے اسٹیشن کے قریب کولکتہ-سائرنگ ایکسپریس کی کم از کم پانچ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً 6 بج کر 54 منٹ پر پیش آیا جب میزورم کے علاقے سائرنگ سے کولکتہ جانے والی یہ ٹرین اپنے انجن سمیت پٹری سے اتر گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی نارتھ ایسٹ فرنٹیئر ریلوے کے سینئر افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی و بحالی کی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
ریلوے کے ایک ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ لوکو پائلٹ “رفتار پر قابو نہ رکھ سکا”، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ ترجمان کے مطابق “11 نومبر 2026 کو صبح تقریباً 06:54 بجے، جب ٹرین نمبر 13125 کولکتہ-سائرنگ ایکسپریس کو ایک دوسری ٹرین کو راستہ دینے کی خاطر آسام کے دگارو ریلوے اسٹیشن پر لیا جا رہا تھا،
تو لوکو پائلٹ رفتار کو قابو میں نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں ٹرین کا انجن اور 5 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔”
بیان میں مزید کہا گیاکہ “تمام مسافر مکمل طور پر محفوظ ہیں اور کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ مسافروں کو ایک متبادل ٹرین کے ذریعے ان کی منزلوں کی طرف روانہ کیا جا رہا ہے۔ امدادی اور بحالی کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ جنرل منیجر دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔”
نارتھ ایسٹ فرنٹیئر ریلوے کے چیف پبلک ریلیشنز آفیسر کپنجل کشور شرما نے بھی تصدیق کی کہ اب تک کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے، اگرچہ ان کا کہنا تھا کہ چھ بوگیاں پٹری سے اتری ہیں۔
آئی اے این ایس کے مطابق شرما نے کہاکہ “اب تک کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ہمارے اعلیٰ افسران جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں۔”