دہلی-این سی آر میں ہفتے کے روز آسمان پر جزوی طور پر بادل چھائے رہیں گے۔ ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق صبح کے وقت بیشتر مقامات پر دھند اور ہلکا کہرا، جبکہ بعض مقامات پر درمیانی درجے کا کہرا چھائے رہنے کا امکان ہے۔
اس دوران 21 نومبر کو دہلی میں درجۂ حرارت کی بات کریں تو زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 25 سے 27 ڈگری سیلسیس اور کم از کم درجۂ حرارت 13 سے 15 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کی امید ہے۔ کئی مقامات پر کم از کم درجۂ حرارت معمول پر رہے گا، جبکہ بعض مقامات پر یہ معمول سے زیادہ رہ سکتا ہے۔
دوسری جانب دہلی کی فضائی آلودگی میں بھی بہتری کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ سینٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے ہفتہ کی صبح اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے کئی علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 300 سے تجاوز کر گیا ہے، جبکہ بیشتر علاقوں میں یہ 200 سے اوپر برقرار ہے۔
ہفتے کی صبح سب سے زیادہ فضائی آلودگی ڈی ٹی یو میں ریکارڈ کی گئی، جہاں اے کیو آئی 362 درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ آنند وہار میں 324 اور آئی آئی ٹی دہلی میں اے کیو آئی 307 ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں اشوک وہار میں 288، جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں 269، آئی جی آئی ایئرپورٹ (ٹی 3) پر 250، براری میں 248، دوارکا سیکٹر-8 میں 245 اور علی پور میں اے کیو آئی 239 درج کیا گیا۔
نوئیڈا میں بھی ہوا کا معیار مسلسل خراب چل رہا ہے۔ نوئیڈا کے سیکٹر-62 میں اے کیو آئی 342 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سیکٹر-125 میں 259 اور سیکٹر-116 میں اے کیو آئی 216 درج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 0 سے 50 کے درمیان اے کیو آئی کو اچھا، 51 سے 100 کو اطمینان بخش، 101 سے 200 کو درمیانہ، 201 سے 300 کو خراب، 301 سے 400 کو انتہائی خراب اور 401 سے 500 کے درمیان اے کیو آئی کو سنگین زمرے میں رکھا جاتا ہے۔
دہلی-این سی آر میں اتوار کے روز بھی موسم کوئی خاص تبدیل نہیں ہوگا۔ 22 نومبر کو بھی آسمان پر جزوی طور پر بادل چھائے رہیں گے۔ آئی ایم ڈی کی پیش گوئی کے مطابق صبح کے وقت کئی مقامات پر ہلکا کہرا اور بعض مقامات پر درمیانی درجے کا کہرا چھائے رہنے کا امکان ہے۔ دہلی میں اس دن زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 25 سے 27 ڈگری سیلسیس اور کم از کم درجۂ حرارت 12 سے 14 ڈگری سیلسیس کے درمیان متوقع ہے۔
آئی ایم ڈی نے آنے والے دنوں میں ہندوستان کے کچھ حصوں میں بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ان میں تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل، ساحلی آندھرا پردیش، کیرالہ، ساحلی کرناٹک اور شمالی اندرونی کرناٹک شامل ہیں۔ ان علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے۔