بالی وڈ کے نامور اداکار جیتندر نے خود سے متعلق حیرت انگیز انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس کوئی ٹیلنٹ نہیں تھا اور وہ خوش قسمتی سے اداکار بنے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں جیتندر نے اپنے بیٹے اداکار تشار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تشار مجھ سے کہیں بہتر اور زیادہ لگن رکھنے والے اداکار ہیں اور میں یہ بات صرف اس لیے نہیں کہہ رہا کہ وہ میرا بیٹا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ میری خوش قسمتی تھی کہ میں صحیح وقت پر صحیح جگہ پر موجود تھا۔
اداکار نے مزید کہا کہ اگر فلم ساز وی شانتارام کی نظر مجھ پر نہ پڑتی اور وہ مجھے ہیرو نہ بناتے تو میرے پاس نہ کوئی تجربہ تھا، نہ کوئی خاص صلاحیت اور کچھ بھی نہیں تھا، بس میری قسمت میرے ساتھ تھی۔
سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ آج جب میں تشار کو اس کے بیٹے کے ساتھ اتنا وقت گزارتے ہوئے دیکھتا ہوں، تو مجھے اس کی زندگی میں اپنی غیر موجودگی پر شدید پچھتاوا ہوتا ہے، میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا کہ اپنے بچوں کے ساتھ وقت نہ گزارنے پر مجھے کتنا برا محسوس ہوتا ہے، کام کا بہانہ کوئی عذر نہیں ہے، یہ ایک ایسا احساسِ جرم اور پچھتاوا ہے جو زندگی بھر میرے ساتھ رہے گا۔
واضح رہے کہ جیتندر کی بالی وڈ میں کئی ہٹ فلمیں رہی ہیں جن میں ہمجولی، جینے کی راہ، کارواں، خوشبو، ہمت والا، دھرم ویر، جودائی، خودغرض اور جانی دشمن شامل ہیں۔