نیتن یاہو نے حملے کو حماس کے ارکان اور اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف حالیہ کارروائیوں کا حصہ قرار دیا
غزہ میں اسرائیلی حملوں میں حماس کے سیاسی دفتر کے رکن اور نائب وزیر تعلیم سمیت کم از کم 10 فلسطینی شہید ہوگئے، جس کے بعد حماس نے اسرائیلی کارروائیوں کا جواب دینے کے لیے دیگر فلسطینی تنظیموں سے مشاورت کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق غزہ میں ایک سال سے جاری جنگ بندی کے باوجود اسرائیل نے مسلسل تیسری رات فضائی حملے کیے۔
وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر اسرائیلی حملے میں خالد ابو ندا شہید ہوگئے، جو حماس کے سیاسی دفتر کے رکن اور حماس کی جانب سے مقرر کردہ نائب وزیر تعلیم تھے۔
حماس کے سربراہ خلیل الحیہ نے جمعرات کو کہا کہ ان کی تنظیم مسلسل اسرائیلی حملوں کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس دیگر فلسطینی دھڑوں کے ساتھ مشاورت کرے گی تاکہ اسرائیلی خلاف ورزیوں اور روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی ہلاکتوں کا جواب دینے کے لیے لائحہ عمل طے کیا جاسکے۔
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے حملے کو حماس کے ارکان اور اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف حالیہ کارروائیوں کا حصہ قرار دیا۔ ان کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران حماس کے تقریباً 80 جنگجوؤں کو ہلاک کیا ہے۔
خالد ابو ندا منگل کے بعد اسرائیلی حملوں میں مارے جانے والے تیسرے سینئر حماس عہدیدار ہیں۔ اس سے قبل تنظیم کے دو اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار بھی ہلاک کیے جاچکے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ ابو ندا حماس کے مالیاتی امور کی نگرانی کرتے اور اس کے بینکاری و سرمایہ کاری کے نیٹ ورک کو چلاتے تھے۔ فوج کے مطابق وہ تنظیم کی عسکری سرگرمیوں اور قوت میں اضافے کے لیے مالی وسائل فراہم کرنے میں بھی کردار ادا کرتے تھے۔
حماس نے ابو ندا کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے سیاسی دفتر کے رکن تھے۔ تنظیم نے تعلیمی اور شہری شخصیات کو نشانہ بنانے کو سنگین جرم قرار دیا اور کہا کہ اسرائیلی حملے جنگ بندی معاہدے اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔
حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کو بھی سیاسی اور اخلاقی طور پر ان حملوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس کی خاموشی نے اسرائیل کو مزید کارروائیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
دوسری جانب غزہ شہر کے طفح محلے، ساحلی پٹی کے پناہ گزین کیمپ اور شیخ رضوان کے علاقے میں بھی اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں مزید سات فلسطینی شہید ہوئے۔ طبی ذرائع کے مطابق یہ حملے رات گئے اور جمعرات کے روز کیے گئے۔
خلیل الحیہ نے کہا کہ فلسطینیوں کا خون قیمتی ہے اور اسرائیلی کارروائیوں پر خاموشی اختیار کرنا قابل قبول نہیں۔